Ticker

3/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

بی ایم پی کو پولیس میں ضم کرکے ٹرائیبل ایریا کا امن تباہ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ سردار میربادشاہ قیصرانی

ریتڑہ(فاروق شہزاد ملکانی سے)پوری نفری اسلحہ نہ گاڑیاں ضلع ڈیرہ غازیخان کے ٹرائیبل ایریا میں بی ایم پی کے زیرانتظام پندرہ تھانوں میں جرائم کی شرح نہ ہونے کے برابرجبکہ رورل ایریا میں پولیس کے زیرکنٹرول ضلع بھر کے تھانوں میں چوری، ڈکیٹی، قتل اوراغوا برائے تاوان کے واقعات روزمرہ کا معمول ہیں۔بی ایم پی کو پولیس میں ضم کرکے ٹرائیبل ایریا کا امن تباہ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔وزیراعلی پنجاب جلد از جلد بی ایم پی کی خالی پوسٹوں پراہلکاروں کی تعیناتی،اسلحہ کی فراہمی اور گاڑیاں فراہم کرنے کی منظوری دیں۔چیف آف قیصرانی ، ڈویژنل کوآرڈینیٹر مسلم لیگ(ن) اور سابق صوبائی پارلیمانی سیکریٹری سردار میربادشاہ قیصرانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بی ایم پی کو پنجاب پولیس میں ضم کرکے ٹرائیبل ایریا کا امن تباہ کرنا چاہتی ہے جس کی شدید مزاحمت کریں گے۔سردار میربادشاہ قیصرانی نے بتایا کہ ضلع بھر میں جمعدار کی 13سیٹوں میں سے آٹھ خالی پڑی ہوئی ہیں۔اسی طرح دفعدار کی انیس،نائب دفعدار کی پچیس،محرر کی اٹھارہ، سوار کی 205 اور نچلی سطح پر بھی بی ایم پی ملازمین کی ایک تہائی نفری بھی تعینات نہیں ہے۔جبکہ سال 2016 میں بی ایم پی تھانہ سخی سرور میں تیرہ،راکھی مینہ میں دس، راکھی گاج میں دس، تھانہ کھر میں تیرہ،فورٹ منرو میں پانچ،بواٹہ میں دو، تھوخ میں دو، مبارکی تمن بزدار میں تینتیس ، سیمنٹ فیکٹری میں بارہ، کشوبہ میں بارہ،محمدانی میں چار، تھانہ ستہ تمن قیصرانی میں بارہ، پھگلہ میں چھ جبکہ پورے سال میں تھانہ ڈھوڈک تمن قیصرانی میں ایک بھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔جبکہ رورل ایریا میں پنجاب پولیس کے زیرانتظام تھانہ ریتڑہ میں دو سو تئیس(223 ) جبکہ تھانہ وہوا میں قتل ، اقدام قتل، ڈکیٹی اور سمگلنگ سمیت دیگر خطرناک جرائم کے دو سو چھ (206 )مقدمات درج ہوئے ہیں۔سردار میربادشاہ قیصرانی نے کہا ہے کہ ٹرائیبل ایریا ایک پرامن علاقہ ہے، محدود وسائل اور نفری کے باوجود بارڈر ملٹری پولیس نے پورے ٹرائیبل ایریا کا نظام کنٹرول کر رکھا ہے جس پر بی ایم پی کے اہلکار خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ ڈیرہ غازیخان کے ٹرائیبل ایریا سے بی ایم پی کو ختم کرکے پنجاب پولیس کے حوالے کیا گیا تو یہ حکومت کی فاش غلطی ہوگی اور پرامن ٹرائیبل ایریا کا امن تباہ ہو جائے گا۔سردار میربادشاہ قیصرانی نے وزارت داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ بی ایم پی اہلکاروں کی خالی نشستوں پر جلداز جلد بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے اور بی ایم پی کو جدید اسلحہ اور گاڑیاں فراہم کی جائیں۔تاکہ پرامن ٹرائیبل ایریا میں امن وامان کی فضا برقرار رکھی جاسکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے