Ticker

3/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

ندیم خوجہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کے نام مقدمہ میں شامل کر لئے گئے

ریتڑہ(نامہ نگار)چالیس روز گزرنے کے بعد آخر کار ندیم خوجہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کے نام مقدمہ میں شامل کر لئے گئے۔تمام ملزمان نے عبوری ضمانتیں کرالیں۔مقتول کے والد کی جانب سے پولیس کے کردار کو مشکوک قرار دے دیا گیا۔مقتول ندیم خوجہ کے والد مہرداد خوجہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے مقدمہ میں ہمارے ملزمان کے نام تو شامل کر لئے ہیں مگر پولیس ہی انہیں تمام رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔پولیس ہی نے انہیں عبوری ضمانتیں کرا نے کا کہا ہے تاکہ ملزمان کو باقاعدہ گرفتار کرنے کی بجائے شامل تفتیش کر کے بے گناہ قرار دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان ملک ثقلین، ملک سبطین، ظہور کمالی، مختیار کمالی، رمضان شاہ اور اشفاق حسین نہایت بااثر اور سرمایہ دار لوگ ہیں۔مقامی سیاستدان اور بااثر لوگ ان کی بھرپور حمایت کررہے ہیں اور ان ہمارے اوپر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ ہم اس مقدمے سے پیچھے ہٹ جائیں ۔انہوں نے کہا کہ میں ان سرداروں اور چیئرمینوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ میرے لخت جگر کی جگہ ان کا بیٹا یا بھائی ہوتا تو وہ کیا کرتے ؟ کیا وہ قاتلوں کو یوں آزاد چھوڑ دیتے؟انہوں نے کہا کہ میری وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل ہے کہ وہ انہیں انصاف فراہم کرنے میں ان کی مدد کریں نہیں تو اس علاقے میں ان ظالموں سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔انہوں نے روزنامہ نوائے وقت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔یہ نوائے وقت ہی ہے جس کی بدولت آج ان ملزمان کے نام مقدمہ میں شامل کئے گئے ہیں ورنہ دو ہفتے تک تو پولیس نے ایف آئی آر ہی درج نہیں کی تھی اور بعد ازاں چالیس دن تک کسی ملزم کا نام مقدمہ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے