Ticker

3/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

ماڈل ویلیج ہوت لاشاری کی حالت زار

ریتڑہ(فاروق شہزاد ملکانی سے)ماڈل ویلیج ہوت لاشاری میں بائیوگیس پلانٹ، سیوریج کا نظام ناکارہ،سیوریج کا پانی چلڈرن پارک اور کیٹل شیڈ میں داخل،سولرانرجی پلانٹ کے پینل اور بیٹریاں غائب،وٹرنری ڈسپنسری میں بھی تعینات عملہ بھی عرصہ دراز سے ماڈل ویلج کا راستہ بھول گیا ،مکینوں کی جانب سے اصلاح احوال کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق ریتڑہ کے نواح میں 2010 کے سیلاب متاثرین بستی ہوت لاشاری کیلئے ماڈل ویلیج ہوت لاشاری قائم کیا گیا تھا۔جس کا افتتاح دسمبر2011 میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے سینئرمشیر سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے کیا تھا۔افتتاح کے وقت ماڈل ویلج کے بہت سے پروجیکٹ ابھی نامکمل تھے جن میں بائیو گیس پلانٹ بھی شامل تھا۔افتتاح کے بعد بائیوگیس پلانٹ کے ٹھیکیدار نے کام مکمل کرنے کی زحمت گوارہ نہ کی اور پلانٹ کو نامکمل چھوڑ کر غائب ہوگیاجس کی وجہ سے مکین بائیوگیس کی سہولت سے فیض یاب نہ ہوسکے۔اس کے علاوہ ناقص تعمیر کے باعث سیوریج نظام بھی بہت جلد ناکارہ ہو گیا اور گندا پانی نالیوں سے نکل کر گلیوں میں پھیل گیا یہاں تک کہ چلڈرن پارک اور کیٹل شیڈ میں داخل ہوگیا۔ جس کے باعث یہ دونوں سہولتیں مکینوں کیلئے نہ صرف بے کار ہو گئیں بلکہ زحمت کا باعث بن گئیں۔پارک اور کیٹل شیڈ میں گندہ پانی جمع ہونے سے تعفن نے پورے ماڈل ویلج کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ان جوہڑوں میں مچھروں اور دیگر مضرصحت حشرات کی بہتات سے ماڈل ویلج کے مکین طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ماڈل ویلیج کے مکینوں نے نوائے وقت کو بتایا کہ کوئی ایسا گھر نہیں جہاں موذی امراض کا شکار کوئی مریض نہ رہتا ہو۔انہوں نے کہا کہ سولرانرجی پلانٹ کچھ عرصہ تو کام کرتا رہا مگر کچھ ہی عرصہ بعداس کے پینل اور بیٹریاں غائب ہونا شروع ہو گئیں۔اس پر آواز اٹھائی گئی تو انہیں ڈرا دھمکا کر خاموش کردیا گیا اب یہ صورتحال ہے کہ پلانٹ کے تمام پینل اور بیٹریاں غائب ہو چکی ہیں اور پلانٹ مکمل طور پر بند ہوچکا ہے جہاں کچھ لوگوں نے اپنی لکڑیاں جمع کرکے محفوظ کی ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جس طرح یہاں کے مکین بیماریوں میں گھر چکے ہیں اسی طرح یہاں کے مویشی بھی طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہوتے رہتے ہیں مگر یہاں کی مویشی ڈسپنسری کو عرصہ دراز سے تالہ لگا ہوا ہے اور ہم نے یہاں کسی ڈاکٹر یا ماتحت عملہ کو سالوں سے نہیں دیکھا ۔ڈسپنسری میں عملہ نہ ہونے کے باعث ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اپنے مویشیوں کو نزدیکی قصبے ریتڑہ یا دیگر شہروں میں لے جانا پڑتا ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر،کمشنر ڈیرہ غازیخان اور خادم اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کی اپیل کی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے