ریتڑہ(نامہ نگار) عوام کے مسائل کے حل کیلئے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینا انتہائی ضروری ہے۔عوام اب باشعور ہوچکے ہیں صرف انتخابی فائدے کیلئے تونسہ ضلع کا نعرہ لگانے والے سیاستدان عوام کے سامنے افشا ہوچکے ہیں۔حقیقی عوامی قیادت کا خلا پر کرنے کیلئے اس تحریک کی بنیاد رکھی ہے، عوامی طاقت سے تونسہ کو ضلع بنا کر دم لیں گے۔ان خیالات کا اظہار تونسہ ضلع بناؤ تحریک کے سرپرست اعلیٰ عثمان غنی ارائیں نے ریتڑہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سید صغیرشاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل تونسہ کے عوا م انتہائی پسماندگی اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سیاسی قیادت نے صرف اپنے مفادات کی سیاست کی ہے۔الیکشن کے دنوں میں تونسہ ضلع کا نعرہ لگانے والے سیاستدان انہی سرداروں کے اتحادی بنے ہوئے ہیں جو ماضی میں تونسہ کو ضلع بنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت کی ضرورت ہے کہ عوام تونسہ ضلع بناؤ تحریک کا حصہ بن کر اپنے حقوق کی جنگ لڑیں تاکہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔



0 تبصرے