ڈیرہ غازیخان(بیورورپورٹ)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ "پاناماکیس" پرجو بھی فیصلہ آئے مگر یہ بات طے ہے کہ شریفوں کی بادشاہی کا دور ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا ۔ میاں نواز شریف کی اولاد براہ راست Beneficiariesہیں متوقع فیصلہ میں وہ کسی بھی سرکاری یا حکومتی عہدہ پر ہمیشہ کے لیے نااہل ہوسکتے ہیں ۔ عمران خان کو یہ کریڈٹ ضرور جاتا ہے کہ وہ عوام میں سیاسی شعور کے اضافہ سبب کا بنے ہیں ۔ عوام کے سامنے "شریفڈم"بے نقاب ہوچکے ہیں۔ ان کا اقتدار آخری سانس لے رہا ہے ۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ کھوسہ ہاؤس میں مقامی صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں ان خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے والد مسلم لیگی ہیں اور نون لیگ میں اس وقت غلام باقی رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013 کے الیکشن میں مجھے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت باہر رکھا گیا نون لیگی قیادت کی لغاریوں کے ساتھ Behind the scenes معاملات طے ہوچکے تھے انہیں آزاد حیثیت میں جتواکر لیگ میں شامل کیا جانا تھا ۔مگر اس ساری "ڈیل" کے باوجود لغاریوں کے ہاتھ کچھ نہیں آیا چار سال ہونے کو آئے ہیں کسی لغاری کو وزارت نہ ملی اور چیئرمین شپ ضلع کونسل سے بھی انہیں محروم ہونا پڑا۔ حکومتی پارٹی نے انہیں ضلعی سطح کی جو تین کمیٹیوں کی چیئرمینی دی وہ بھی سب کے سامنے ہے کہ وہ کہاں تک موثر ہیں، جو لوگ ان کمیٹیوں کے چیئرمین بنے ہیں وہ لغاریوں کو کسی وقت بھی چھوڑ سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا مقامی حکومتوں کے نظام کی بساط کسی وقت بھی لپیٹی جاسکتی ہے ایک نئے نوٹیفکیشن کے ساتھ اس کو اور بھی کمزور کردیا گیا ہے اور اگر پاناما کیس ان کے خلاف گیا تو یہ اور بھی جلدی ہوگا کہ جاتے جاتے یہ ادارے بھی توڑ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کے لیے تیار ہیں ڈیرہ غازیخان سمیت پنجاب کے کئی اضلاع کی طرح دوسرے صوبوں کے دوستوں سے مشاورت جاری ہے ۔ انہوں نے مزید برآں کہا کہ وہ خودPP244 پر امیدوار ہیں اور NA 172 سے بھی الیکشن لڑیں گے۔ تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا کہ ایک سیٹ یا دو سیٹوں پر الیکشن لڑاجائے ۔ انہوں نے سی پیک کے حوالے سے کہا کہ یہ منصوبہ مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ یہ ہاتھ پاک فوج کے ہاتھ ہیں ۔ نواز شریف یا کوئی اور اس کے لیے ناگزیر نہیں۔
0 تبصرے