وہوا(نامہ نگار) عددی حیثیت میں بہت زیادہ ہونے کے باوجود عالم اسلام کی پستی کی وجہ قرآن وسنت سے دوری کا نتیجہ ہے اگر آج کا مسلمان صدق دل سے توبہ کرکے قرآن و سنت سے اپنا ٹوٹا ہوا رابطہ بحال کرلے تو اسلام کا پرچم پوری دنیا پر ایک بار پھر آب وتاب کے ساتھ لہرایا جاسکتا ہے یہ بات جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنماءمولانا عبدالمجید قاسمی، مولانا عبدالرب اور جے یو آئی وہوا کے جنرل سکرٹری مولانا عبدالسلام قیصرانی نے مدرسہ ضیاءالقرآن وہوا میں عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ قرآن مجید انسانوں کے پاس اللہ تعالیٰ کی امانت ہے جس کے طفیل انسان کی بلندی آسمانوں سے کہیں زیادہ ہے جس کی وسعت کا مقابلہ زمین اور پہاڑ بھی نہیں کرسکتے اور یہ انعام قرآن مجید کی بدولت ہی نصیب ہوا ہے کیونکہ قرآن مجید کلام الٰہی ہے جس میں انسانیت کی فلاح ہی فلاح ہے جسے اس پر عمل کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اور مساجد اسلام کے قلعے ہیں جہاں سے روز قیامت تک دینی تعلیم دی جاری رہے گی اور مدارس و مساجد کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر نیست و نابود ہوں گے انہوں نے کہا کہ گناہ گار سے گناہ گار شخص بھی نماز کے ذریعے فلاح پاسکتا ہے مقررین نے کہا کہ پاکستان جس میں دہشت گردی اور کرپشن معمول بن چکی ہے لوٹ مار، قتل و غارت گری، ڈکیتی کی وارداتیں عام ہوچکی ہیں فحاشی، عریانی نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں مہنگائی نے غریبوں کا جینا دوبھر کردیا ہے صیہونی طاقتیں پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے درپے ہیں یہ سب ہماری اور ہمارے حکمرانوں کی بداعمالیوں کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کے لیے ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ناگزیر ہوچکا ہے اور اسلامی نظام کے نفاذ کے ذریعے ہی ہم بحرانوں سے ہمیشہ کے لیے نکل سکتے ہیں




0 تبصرے