ریتڑہ(فاروق شہزاد ملکانی سے) بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا معاشرے کی تعلیم و تربیت کیلئے انتہائی ضروری ہے۔کسی قوم کی ترقی و خوشحالی کا انحصار عورت کی تعلیم پر مبنی ہے۔ریتڑہ و گردو نواح میں بچیوں کی تعلیم کیلئے خاطرخواہ انتظامات نہیں، پبلک سیکٹر میں گرلز سکول کا قیام انتہائی احسن اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین یوسی ٹبی قیصرانی محمد انور خان ملکانی، چیئرمین یوسی مورجھنگی و تحصیل صدر مسلم لیگ(ن) سردار عبدالحفیظ میرانی، سید اکبر انجم ، سید ارشادحسین شاہ،سید شہباز حسین،سراج الدولہ، غلام شبیر لاشاری ودیگر نے ریتڑہ میں گرلز پبلک سکول کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معروف ماہر تعلیم سابق ہیڈ ماسٹر ہائی سکول ریتڑہ حاجی قادر بخش ملکانی نے سکول کا افتتاح کیا۔تقریب میں مسلم لیگ(ن) کسان ونگ کے ضلعی صدر سردار محمد اقبال ملکانی، حاجی عطامحمد جروار، ڈاکٹر ربنواز ملکانی،امان اللہ خان ملکانی، غازی خان قیصرانی،ریٹائرڈ پرنسپل ڈگری کالج تونسہ پروفیسر غلام رسول ملکانی،وزیراحمد خان قیصرانی،قاری محمد اسلم،نبی بخش لاشاری، کلیم اللہ مدنی،محمد اعظم سانگھی سمیت کثیر تعداد میں معززین علاقہ نے شرکت کی۔مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام واحد مذہب ہے جس نے عورت کو معاشرے میں عزت کا مقام دیا ہے اور عورتوں کی دینی ودنیاوی تعلیم پر زور دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریتڑہ و گردو نواح میں تعلیم نسواں کیلئے کوئی ادارہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے ہرسال سینکڑوں بچیاں تعلیم سے محروم رہ جاتی ہیں کیوں کہ مڈل کے بعد بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے دوسرے قصبوں اور شہروں میں جانا پڑتا ہے جو تمام والدین برداشت نہیں کرسکتے اب یہ سہولت ریتڑہ میں بھی متعارف کرائی جا رہی ہے جس کا سہرا برائٹ فیوچر سکول کے پرنسپل سید ارشاد حسین کے سرجاتا ہے جنہوں نے علاقے کے مسائل کو سمجھا اور خواتین کی تعلیم کیلئے ادارے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔آخر میں سید ارشاد حسین شاہ اور سید اکبرانجم نے مہمانوں کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
0 تبصرے