ریتڑہ(فاروق شہزاد ملکانی سے)پاکستان کو دولخت کرنے میں کسی عالم ،داڑھی اور پگڑی والے کاہاتھ نہیں تھا۔پاکستان کو توڑنے والوں کا تعلق کسی مدرسہ یامذہبی درس گاہ سے نہیں تھا۔کرپشن میں بھی کسی عالم کا نام نہیں آئے گا بلکہ ایچی سن اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے پڑھے لوگ یہ سب کارنامے انجام دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علام اسلام کے سنیٹرحافظ حمداللہ نے مدرسہ تعلیم القرآن ریتڑہ میں جلسہ ء عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک توڑنے والوں میں شیخ مجیب بنگلہ دیش کا وزیراعظم بنا اور دوسرے کوپاکستان کا وزیراعظم بنادیاگیا جبکہ تیسرے کا ان کی موت پر اکیس توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایک امریکی ادارے نے ایک سروے کیا ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ پاکستان کے 88 فیصد عوام اسلامی نظام کا نفاذ چاہتے ہیں اور یہی موقف جمعیت علما اسلام کا ہے اور جے یو آئی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے اور اس کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔جے یو آئی کے پارلیمنٹ میں بہت کم ارکان ہوتے ہیں مگر ہم پھر بھی اسلامی اقدار کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن زدہ سیاست دان کبھی بھی شریعت کا نفاذ نہیں کریں گے نہ ہی زرداری،نہ نواز شریف اور نہ ہی عمران خان شریعت کا نفاذ کریں گے کیونکہ جب بھی شریعت کا نفاذ ہو گا تو سب سے پہلے ان کی کرپشن کا حساب ہوگا ۔اسلام صرف عدل و انصاف کا دین ہے اور معاشرے میں عدل و انصاف کیلئے نفاذ شریعت بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اپنی آخری سانسوں تک نفاذ شریعت کیلئے جنگ لڑتی رہے گی۔اس سے قبل مولانا ارشاد احمد، مولانا عبدالغفور حقانی اور مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن مولانا محمد رمضان نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت خواں حافظ زین العابدین نے سرکاردوعالم ﷺ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔
0 تبصرے