تونسہ شریف:تحصیل تونسہ شریف کی تمام یونین کونسلز کو کم سے کم دس لاکھ ماہانہ گرانٹ مہیا کی جائے چیئرمین پی ٹی آئی یونین کونسل پڑدان شرقی شہزاد کھوسہ ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی یو سی پڑدان شرقی شہزاد کھوسہ نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ضلع کونسل ڈیرہ غازیخان کے اجلاس میں ششماہی بجٹ پاس ہوا جس میں ہر یونین کونسل کو تین لاکھ کی گرانٹ کے چیک دیے گئے جس میں دفاتر کے تمام اخراجات اس میں شامل کیے گئے جبکہ ترقیاتی کاموں کے لیے کوئی فنڈ نہیں رکھا گیا جو کہ حلقہ کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ۔ تمام یونین کونسلز میں سڑکوں 145 گلیوں 145مراکز صحت اور سیوریج کا نظام ابتر ہے ملنے والی گرانٹ سے ترقیاتی کاموں کا پایہ تکمیل کو پہنچنا ناممکن ہے۔ تحصیل تونسہ کا شمار پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں ہوتا ہے ماضی میں پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہمیشہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا گیا ۔ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ہماری تحصیل تونسہ بنیادی سہولیات سے تاحال محروم ہیں ہم گورنمنٹ پنجاب اور ضلع چیئرمین ڈیرہ غازیخان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ماضی کی طرح ہماری تحصیل تونسہ کے مسائل کو نظر انداز نہ کیا جائے ہماری تمام یونین کونسلز دوردراز بارانی علاقوں سے ملحق ہیں اس دور جدید میں بھی ہماری تحصیل کے غریب عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور عوام بار ش کا جمع شدہ پانی پینے پر مجبور ہیں ۔اب بھی اگر ہماری تحصیل کے حقوق غصب کیے گئے تو ہم بھر پور احتجاج کریں گے ۔
0 تبصرے