ریتڑہ(نامہ نگار) فوڈسنٹر ریتڑہ میں مبینہ طور پر ایک کاشتکار کو ااے سی تونسہ کی جانب سے تھپڑ مارنے پرکسان مشتعل ،انڈس ہائی وے بلاک کردیا،اے سی تونسہ اور حکومت پنجاب کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی،ڈی ایس پی تونسہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا۔احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)تحصیل تونسہ کے صدر سردار عبدالحفیظ خان میرانی، مسلم لیگ(ن) ضلع ڈیرہ کسان ونگ کے صدر سردار محمد اقبال خان ملکانی، سردار قیصروسیم قیصرانی،کسان بورڈ ضلع ڈیرہ کے صدر سردار زبیراحمد ملکانی ، متاثرہ کسان سجاد حسین ودیگر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے کاشتکار کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔اے سی تونسہ کو اس عمل کا خمیازہ ضرور بھگتنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ روز اول سے ہی فوڈسنٹر ریتڑہ پر آڑھتیوں اور ایجنٹ مافیا کا قبضہ ہے اور عام اور حقیقی کسان روزانہ کڑی دھوپ میں لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر خالی ہاتھ لوٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک آڑھتی اور ایجنٹ مافیا کا خاتمہ نہیں ہوتا اس طرح واقعات ہوتے رہیں گے۔احتجاجی مظاہرے سے روڈ بلاک ہونے سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں ڈی ایس پی تونسہ مہراسحاق سیال اور اے ڈی سی جی ڈیرہ غازیخان عبدالشکور موقع پر پہنچ گئے انہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی جس پر مشتعل مظاہرین نے روڈ کو خالی کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی تونسہ عبدالغفار خان نے اپنے موقف میں کہا کہ فوڈ سنٹر ریتڑہ میں آڑھتیوں اور مڈل مین مافیا کا راج ہے جسے ختم کرنے کی کوشش پر یہ آڑھتی اور مڈل مین ان کے خلاف ہوگئے اور کاشتکاروں کو ان کے خلاف بھڑکایا جس کی بنا پر کاشتکاروں نے احتجاج کیا۔حالانکہ انہوں نے کسی کاشتکار کو نہ گالی دی ہے اور نہ کسی کو تھپڑ مارا ہے۔ ایک کسان نے انہیں پیچھے سے پکڑنے کی کوشش کی جس پر وہ اپنے آپ کو چھڑا کر آگے بڑھ گئے اور کوئی بات تک نہیں کی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر صورت آڑھتی اور مڈل مین مافیا کا خاتمہ کر کے رہیں گے ۔
0 تبصرے