Ticker

3/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

ایمل کانسی کے اغواءکے الزام میں وزیراعظم کے خلاف ڈی جی خان میں درج مقدمہ ری اوپن کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری

لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستانی شہری ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے معاملہ پرمیاں محمدنواز شریف،شہباز شریف،چودھری نثاراوراسحاق ڈار کے خلاف دائردرخواست پرنوٹس جاری کردیئے ہیں۔
درخواست گزار رضوان المرتضی نے اپنی ایک درخواست میں مذکورہ مدعا علیہان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اورایمل کانسی کے اغواءکے حوالے سے ڈی جی خان میں درج مقدمہ کو ری اوپن کرنے کی استدعا کی ہے ۔اس درخواست پر میاں نوازشریف سمیت تمام فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس شمس محمود مرزانے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار رضوان المرتضی کے وکیل بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ میاں نواز شریف ،میاں شہباز شریف ،چودھری نثار اور اسحاق ڈار نے امریکہ کی ایک فون کال پر پاکستانی شہری ایمل کانسی کوقانونی ضابطے اور شواہد کے بغیر 90ءکی دہائی میں امریکہ کے حوالے کر دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکارسرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین سے ایمل کانسی کو اغواءکر کے امریکہ لے گئے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف،چودھری نثار ،شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے خلاف ڈی جی خان میں درج کی جانے والے ایف آئی آر کو ڈی سیل کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔انہوں نے عدالت سے مزید استدعا کی کہ عدالتی فیصلہ آنے تک شریف برادران،چودھری نثار اور اسحاق ڈار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے