Ticker

3/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

’الزامات لگانے والوں کی کوئی مہم کامیاب نہیں ہوگی‘نواز شریف

لیہ :وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفین کا ایجنڈا تخریب کاری ہے جنہوں نے 4 سال میں کوئی کام کی بات نہیں کی جبکہ الزامات لگانے والوں کی کوئی مہم کامیاب نہیں ہوگی۔
لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ لیہ کے عوام نے دل خوش کردیا، مخالفین کے 10 جلسیوں کے برابر ہمارا ایک جلسہ ہے، مخالفین کے جلسے میں کرسیاں خالی تھیں، جبکہ مخالفین آج کا جلسہ دیکھ کر اپنی غلط فہمیاں دور کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں لیہ لیہ ہو رہی ہے، بجلی گھروں سے پیداوار شروع ہوگئی ہے، آئندہ سال 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی اور ایک بار بجلی آئے گی پھر کبھی نہیں جائے گی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیوب ویل کی بجلی کو بھی سستا کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے کام کر رہے ہیں، ملک بھر میں موٹرویز اور سڑکیں بن رہی ہیں جن سے فاصلے کم ہو رہے ہیں، لیہ سے تونسہ تک سڑک بنائی جارہی جس کے ذریعے 180 کلو میٹر کا فاصلہ 24 کلو میٹر تک لایا جارہا ہے۔
وزیر اعظم نے چوک اعظم،کروڑ لعل عیسن اور فتح پور کو گیس کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لیہ میں بھی ترقی کے ثمرات پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک نہ بنے جبکہ سیاسی مخالفین کا ایجنڈا تخریب کاری ہے، ہمارے مخالفین نے 4 سال میں کوئی کام کی بات نہیں کی، مخالفین لیہ میں جلسہ دیکھ کر فرار ہوجائیں گے جبکہ الزامات لگانے والوں کی کوئی مہم کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کو جواب گالی سے نہیں دیتے اور نہ ان پر کیچڑ اچھالتے ہیں، کیا کیچڑ اچھالنے والے آپ کے لیڈر ہو سکتے ہیں؟ جن کی زبان قابو میں نہ رہے کیا وہ لیڈر بن سکتے ہیں؟ متوالے شیر اور مخالفین گیدڑ ہیں، 100 گیدڑ بھی شیر کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے جبکہ نیا پاکستان آپ نہیں ہم بنارہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اوکاڑہ میں بھی مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا تھا کہ احتجاج کرنے والے احتجاج ہی کرتے رہ جائیں گے، حکومت سڑکیں بناتی جائے گی اور مخالفین سڑکیں ناپتے جائیں گے جبکہ وہ مخالفین کی خواہش پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے